نئی دہلی،18؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے جمعہ کو نریندر مودی حکومت سے فوج میں بھرتی کیلئے اگنی پتھ اسکیم کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم قومی سلامتی اور نوجوانوں کے مفاد میں نہیں ہے -کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دپیندر سنگھ ہڈا نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم مرکزی حکومت سے اگنی پتھ اسکیم کو فوری اثر سے واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں - یہ بھرتی اسکیم نہ تو قومی سلامتی کے مفاد میں ہے اور نہ ہی ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کیلئے محفوظ ہے - یہ ایک ایسی اسکیم ہے جو ہندوستانی فوج اور قوم کیلئے سازگار نہیں ہے -مسٹر ہڈا نے کہاکہ وزیر دفاع کی طرف سے اعلان کردہ دو سال کی نرمی امیدواروں کیلئے ناکافی ہے -
ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک کے نوجوانوں سے معافی مانگے کیونکہ پچھلے تین سالوں سے فوج میں کوئی بھرتی نہیں ہوئی اور یہ بھرتی کیوں نہیں کی گئی-حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس ایم پی نے کہاکہ وزیراعظم ملک کے نوجوانوں کی امنگوں کے بارے میں کیوں نہیں سوچ رہے ہیں؟ حکومت اس سکیم کو لا کر عوام کی توجہ بے روزگاری کے مسئلے سے ہٹا رہی ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے - انہوں نے نوجوانوں سے امن برقرار رکھنے اور عدم تشدد کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اپیل کی-مرکزی حکومت کی فوج میں نئی بھرتی اگنی پتھ اسکیم کے اعلان کے بعد پورے ملک میں احتجاج اور تشدد ہو رہا ہے، جہاں نوجوانوں کو مسلح افواج میں چار سال تک تینوں شعبوں میں اگنی پتھ کے طور پر خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا-